پنجاب کے شہر شورکوٹ میں مریم نواز سولر اسکیم کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی کا انکشاف سامنے آیا ہے، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مریم نواز سولر اسکیم کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تھانہ وریام پولیس نے ایک شہری کی درخواست پر 3 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جو دھوکہ دہی کے جرم میں درج کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان شہریوں سے سولر سسٹم کی مد میں رقم وصول کرتے رہے تھے۔ملزمان نے شہریوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سولر اسکیم کےنام پر بے وقوف بنانے اور لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال نومبر کے دوران پنجاب کے رہنے والوں کو مریم نواز کی ہدایات کے مطابق سولر پینل ملنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا تھا کہ رواں سال نومبر میں سولر پینلز کی تقسیم ہوگی۔
پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا اور وزیر اعلیٰ کی سولر پینل اسکیم کے تحت پنجاب میں سولر پینلز کی مقامی طور پر تیاری کے لیے چیف منسٹر فنڈ فار سولر پینل پروڈکشن مینو فیکچرنگ کی منظوری دے دی گئی، جس کا مقصد سستے سولر پینلز کی فراہمی ہے۔