گزشتہ دو سالوں سے پاکستان بد ترین حالات سے گزر رہا ہے، اگر دیکھا جائے تو تقریبا تمام ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں اسی طرح کرکٹ کا بھی بیڑا ڈوب رہا ہے، محسن نقوی نے کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے. دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے باآسانی پاکستان کو 6 وکٹوں سے بدترین شکست دے دی۔
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور بھارت نے پاکستان کو باآسانی چت کردیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارتی بلے بازوں نے قومی بولرز کی خوب دھلائی کی اور مقررہ ہدف 45 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا جب کہ بھارت نے 6 وکٹوں سے جیت اپنے نام درج کروائی۔
انڈیا کی اننگز
بھارت نے ابتداء ہی سے قومی بولرز پر پریشر برقرار رکھا جب کہ ویرات کوہلی نمایاں بلے باز رہے، جنہوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 111 گیندوں پر سنچری جڑدی جب کہ شریاس آئیر نے 56 رنز بنائے۔
علاوہ ازیں بھارتی کپتان روہت شرما 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، شبمن گل نے 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ہاردک پانڈیا 8 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ جب کہ ابرار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
اس سے قبل قومی ٹیم بھارتی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 241 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی ٹیم اننگز کی شروعات سے ہی مشکلات کی شکار دکھائی دی اور صرف 47 رنز پر ہی دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، امام الحق 10 اور بابر اعظم 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں کپتان محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو تھوڑا سہارا دیا اور اسکور کو 151 رنز تک پہنچایا جس کے بعد محمد رضوان 46 رنز بناکر اکشر پٹیل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
سعود شکیل نمایاں بلے باز رہے جو نصف سنچری کی بدولت 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر کیچ دے بیٹھے جب کہ طیب طاہر چیمپئنز ٹرافی کی مسلسل دوسری اننگز میں ناکام ثابت ہوئے اور جڈیجا نے انہیں کلین بولڈ کردیا۔
سلمان آغا 19 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ شاہین آفریدی بغیر کھاتہ کھولے ہی آؤٹ ہوگئے۔ خوشدل شاہ 38، نسیم شاہ 14 اور حارث رؤف نے 8 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا، ہاردک پانڈیا کے حصے میں دو وکٹیں آئیں جب کہ ہرشیت رانا، اکشر پٹیل اور رویندر جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔