وفاقی حکومت نے رات کے اندھیرے میں عوام پر پیرٹول بمب گرا کر قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں 2 روپے 50 پیسے کاربن لیوی عائد کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے سے بڑھ کر 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق اگلے پندرہ روز کے لیے نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔